وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم اور اردن کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ شاہ عبداللہ دوم نے بھی پاکستانی عوام کے لیے عید کی مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ میں اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری کشیدگی اور حالیہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اردن پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور مشکل وقت میں اردن کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات اور سفارتی حل ناگزیر ہیں۔














