Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

حکومت اب تک سبسڈی کی مد میں ترقیاتی بجٹ سے 69 ارب روپے خرچ کر چکی ہے

وزیرِاعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں پسے عوام کو وقتی ریلیف مل گیا۔

اپنے خطاب کے آغاز میں وزیرِاعظم نے پوری قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی صرف اسی وقت مکمل ہوتی ہے جب اسے دوسروں کے ساتھ بانٹا جائے اور معاشرے میں اجتماعی ذمہ داری کا احساس مضبوط کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اس ہفتے 45 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرے گی تاکہ عید کے موقع پر عوام پر مزید مالی دباؤ نہ پڑے۔

وزیرِاعظم کے مطابق حکومت اب تک سبسڈی کی مد میں ترقیاتی بجٹ سے 69 ارب روپے خرچ کر چکی ہے، جو عوامی ریلیف کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا ایک غیر معمولی بحران سے گزر رہی ہے، جبکہ خطے میں جاری جنگ نے نہ صرف امن بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔

خصوصاً خلیجی ممالک میں توانائی تنصیبات پر حملوں کے باعث تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جو چند ہفتے قبل 72 ڈالر فی بیرل تھیں اور اب 158 ڈالر تک جا پہنچی ہیں۔

وزیرِاعظم کے مطابق انہیں پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل میں 74 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم انہوں نے عوامی مفاد میں یہ سفارش مسترد کر دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس اضافے کا بوجھ خود برداشت کرے گی کیونکہ مزید مہنگائی عام آدمی کے لیے ناقابل برداشت ہو سکتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 127 روپے فی لیٹر اضافہ روک چکی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کفایت شعاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ صاحبِ حیثیت طبقے کو بھی سادگی اختیار کرنی چاہیے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر اخراجات کم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے اور قومی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ خطے میں جاری کشیدگی جلد ختم ہو اور عوام کو مہنگائی کے طوفان سے نجات ملے۔

متعلقہ خبریں