ملک بھر میں آج عیدالفطر روایتی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جہاں شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت بھی اپنے آبائی علاقوں میں عید کی خوشیاں منا رہی ہے اور نماز عید کے اجتماعات میں شرکت کر رہی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابشاہ میں زرداری ہاؤس میں نماز عید ادا کی اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نماز عید ادا کرنے کے بعد سیاسی رہنماؤں اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں جبکہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف جاتی امرا میں عید منا رہے ہیں، جہاں نواز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں نماز عید ادا کی اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی، جہاں نماز کے بعد وہ عوام میں گھل مل گئے اور عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیہون میں عید منا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اٹک کے آبائی گاؤں ڈھرنال میں نماز عید ادا کی اور ملکی خوشحالی کے لیے دعا کی، ساتھ ہی عوام سے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں مستحق افراد کو بھی شامل کریں۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں نماز عید پڑھی۔ مولانا فضل الرحمان نے ڈی آئی خان کے علاقے عیدالخیل میں نماز عید کی امامت کی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں نماز عید ادا کی اور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اپنے آبائی گاؤں ننگل کسوالہ میں نماز عید ادا کرنے کے بعد شہریوں میں مٹھائی تقسیم کی۔
گوجرانوالہ میں خرم دستگیر خان نے مرکزی جامع مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن میں نماز عید ادا کی جبکہ خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں نماز عید ادا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان، مولا بخش چانڈیو نے حیدرآباد جبکہ علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی اور مختلف امور پر دعائیں کیں۔
کوئٹہ میں سو سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جہاں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے بھی شرکت کی اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں۔
خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اپنے آبائی ضلع خیبر میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر ملکی سلامتی، امن، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
شرجیل میمن نے ٹنڈو جام میں اپنی رہائشگاہ پر نماز عید ادا کی جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق لاہور جبکہ ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ نے نوابشاہ میں نماز عید ادا کی۔ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی چمن میں عید منا رہے ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بونیر میں سیلاب متاثرین کے ساتھ عید گزار رہے ہیں۔















