Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ کرم؛ جوانوں کے ساتھ عید منائی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرم میں نماز عید ادا کی

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کا دورہ کیا اور عید الفطر متعین فوجی افسروں اور جوانوں کے ساتھ منائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرم میں نماز عید ادا کی اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔

فیلڈ مارشل نے فوجی افسروں اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور فوجی افسروں و جوانوں کی دفاع وطن کے لیے غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور مثالی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

اس کے علاوہ عاصم منیر نے جوانوں کی بہادری اور جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور آپریشن غضب للحق میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمہ اور سرحدی علاقوں میں دیرپا امن کے لیے کامیابیوں کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پناہ گاہوں سے سرگرم دہشت گردوں کو پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

 فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف کسی بھی دشمن عنصر کے استعمال کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔