Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تیل مہنگا ہونے کا خدشہ برقرار ہے، فوری بچت پلان اپنانے کی ضرورت ہے، عطا تارڑ

کمزور طبقے کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ملک میں توانائی کے استعمال سے متعلق جامع حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صرف حکومت نہیں بلکہ ہر شہری کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی پر مرتب ہو رہے ہیں، جس کا براہ راست دباؤ پاکستان جیسے درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ممالک پر پڑتا ہے۔

وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومتی سطح پر کفایت شعاری مہم شروع کی گئی ہے، جس کے تحت وزراء اور اعلیٰ حکام کی مراعات میں کمی کی گئی۔

 انہوں نے کہا کہ انہی اقدامات کے باعث حالیہ ہفتے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ روکنا ممکن ہوا، تاکہ عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مضبوط اور مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا، جبکہ کمزور طبقے کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کے مطابق ہوتا ہے، اس لیے آنے والے دنوں میں ممکنہ مہنگائی سے نمٹنے کے لیے ابھی سے بچت اور ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔