وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر ملکی عسکری، صوبائی و سیاسی قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور سب کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے گفتگو کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ان بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جو عید جیسے خوشی کے موقع پر بھی اپنے اہل خانہ سے دور رہ کر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ، خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ سے بھی رابطہ کیا اور ملکی ترقی و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی، اتحادی جماعتوں اور مختلف سیاسی رہنماؤں سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی، ایمل ولی خان، خالد مگسی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی عید کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر قومی یکجہتی، بھائی چارے اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عید کا پیغام ہمیں اتحاد اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔

















