شہرِ قائد کے مصروف علاقے صدر میں واقع گل پلازہ میں بجھی آگ ایک بار پھر بھڑک اٹھی، جس کے بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں نے ہنگامی کارروائیاں تیز کر دیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر موجود کباڑ میں آگ بھڑکی، جس پر قابو پانے کے لیے ابتدائی طور پر ایک فائر ٹینڈر پہنچا، بعد ازاں چار فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق عمارت کی بیسمنٹ میں بھی آگ لگی ہوئی ہے جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اسما بتول بھی موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔
ریسکیو اداروں کی درخواست پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے فوری طور پر پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے۔
نیپا، صفورہ اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ واٹر ٹینکرز کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور ہائیڈرنٹس سیل کے افسران ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے تک پانی کی فراہمی اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

















