لاہور میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اہم ویڈیو لنک اجلاس میں مہنگی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے لگژری گاڑیوں کے لیے استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر موجودہ 100 روپے فی لیٹر لیوی میں مزید 200 روپے اضافے کی منظوری دے دی، جس کے بعد اب یہ لیوی 300 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق اس فیصلے سے ماہانہ تقریباً 9 ارب روپے کی بچت متوقع ہے، جسے عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد معیشت پر بوجھ کم کرنا اور امیر طبقے کو زیادہ ذمہ داری دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کو اس فیصلے سے متاثر نہیں کیا گیا، کیونکہ عام گاڑیوں میں استعمال ہونے والے پٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ اور فضائی سفر کے کرایوں پر بھی اس فیصلے کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اجلاس میں اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں اس فیصلے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔



















