Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت اور وزیراعظم کی 86 ویں یومِ پاکستان پر قوم کو مبارکباد

پاکستان نے دفاع، استحکام اور ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا، پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 86 ویں یوم پاکستان کے موقع قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے دفاع، استحکام اور ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہم نے ریاستی ادارے قائم کیے اور اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

انھوں نے کہا کہ جوہری دفاعی صلاحیت حاصل کر کے ملک کا تحفظ یقینی بنایا، جبکہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل اور کامیاب غیر روایتی جنگ لڑی اور قدرتی آفات کے دوران ایثار اور باہمی تعاون کی روشن مثالیں قائم کیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران قوم نے دشمن کی جارحیت کا بے خوفی سے مقابلہ کیا اور اسے ایسا سبق سکھایا جو وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج بھی ملک کو داخلی محاذ اور بیرونی سرحدوں پر چیلنجز کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: یوم پاکستان: ملک بھر کے معروف کھلاڑیوں کا وطن سے محبت کا والہانہ انداز

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپریشن غضب للحق نے بھی نمایاں نتائج حاصل کیے، اور افغانستان پر غیر قانونی طور پر مسلط عناصر کو واضح پیغام دیا گیا ہے۔

صدر نے کہا کہ آج ہی کے دن قرارداد پاکستان منظور کی گئی، جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج اپنے بزرگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1947 میں قیامِ پاکستان کے وقت بے شمار چیلنجز درپیش تھے، لیکن قوم نے باہمی تعاون، محنت اور صلاحیت سے ان پر قابو پایا اور ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اتحاد اور یکجہتی سب سے اہم عنصر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے چیلنجز کے باوجود ترقی اور استحکام کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراطِ زر میں کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مثبت اقتصادی اعشاریے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ملک درست سمت میں گامزن ہے۔ وزیراعظم کے مطابق کامیابی کا یہ سفر عوام کی صلاحیتوں اور وطن کے روشن مستقبل پر اعتماد کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ ملکی آزادی اور خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا اور اس کے عزائم ناکام بنا دیے، جس سے ثابت ہوا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سرحدوں پر طالبان کی بلااشتعال جارحیت کا جواب آپریشن غضب للحق کے ذریعے دیا گیا، جو محض ایک عسکری کارروائی نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یومِ پاکستان ایک تاریخ ساز دن ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہو کر ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے علامہ محمد اقبال کے تصورِ ریاست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ خواب تھا جس میں مسلمانوں کے آئینی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست 1947 کو ہمارے آبا و اجداد نے عظیم قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا، اور یہ آزادی عزم و استقلال کی روشن مثال ہے۔ وزیراعظم کے مطابق قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی حوصلہ اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، اور نوزائیدہ ریاست سے جوہری طاقت بننے تک کا سفر استقامت اور آہنی عزم سے عبارت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا درخشندہ مستقبل یقینی بنانے کے لیے ثابت قدمی، محنت اور اجتماعی لائحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، اور الحمدللہ ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔