Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا اور ایران کی آمادگی پر پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے، وزیراعظم

امریکا و ایران مذاکرات میں پاکستان کے مجوزہ کردار پر وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کی آمادگی پر پاکستان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور امریکا و ایران کی رضامندی سے ان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے امن و استحکام کے مفاد میں جنگ کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دونوں فریقین کی آمادگی کے بعد پاکستان جاری تنازع کے جامع تصفیے کے لیے بامعنی مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم نے اس کردار کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیا۔

دوسری جانب امریکا و ایران مذاکرات میں پاکستان کے مجوزہ کردار پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران و امریکا مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی حکمت عملی پر غور کیا گیا جب کہ پاکستان اور خطے کی سلامتی کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان اپنی حکمت عملی پر دوست ممالک مصر، ترکیہ سعودی عرب، یو اے ای و دیگر کو اعتماد میں لے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مختلف ممالک کے وزراء خارجہ سے دوبارہ رابطوں کا  آغاز ہوگیا ہے جب کہ اجلاس میں سفارتی و عسکری سفارت کاری کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔