مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک میں توانائی سپلائی کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں تیل و گیس کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، جبکہ مارچ اور اپریل کیلئے پیٹرول کارگو کی فراہمی بھی یقینی بنا دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق درآمدی ٹرمینلز سے ریفائنریز اور پٹرول پمپس تک سپلائی چین مستحکم ہے اور آئل ریفائنریز معمول کے مطابق پیداوار جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اجلاس میں عالمی تیل و گیس مارکیٹ کے رجحانات اور قیمتوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ حکومت عالمی اور مقامی قیمتوں کے فرق کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ توانائی سپلائی برقرار رکھنے کیلئے مختلف ممالک سے حکومتی سطح پر رابطے جاری ہیں اور متنوع ذرائع سے تیل و گیس کی خریداری کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، کیونکہ توانائی سکیورٹی اور مارکیٹ کا استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



















