Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کب ہو گا؟ کراچی پولیس نے بتا دیا

پولیس نے نمبر پلیٹس کی چیکنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے

شہر قائد میں پولیس نے غیر منظور شدہ اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت 30 مارچ 2026 سے سخت کارروائی کا آغاز ہوگا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر صرف سرکاری منظور شدہ نمبر پلیٹس ہی نصب کریں، کیونکہ غیر قانونی اور پرائیویٹ نمبر پلیٹس سیکیورٹی خدشات کا باعث بن رہی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، جبکہ غلط نمبر پلیٹس کی وجہ سے گاڑیوں کی شناخت میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پولیس نے نمبر پلیٹس کی چیکنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فیلڈ میں ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی یا قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری طور پر اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو سرکاری معیار کے مطابق درست کروا لیں۔

پولیس چیف کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ شہر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے اس مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔