Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چوتھی سی گارڈین مشقیں؛ چینی جنگی جہاز ڈاچنگ کی پاکستان آمد

سی گارڈین مشقوں سے پاک چین بحری افواج کے درمیان باہمی اشتراک کار کو بھی فروغ ملے گا، آئی ایس پی آر

کراچی: چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کا جنگی جہاز ڈاچنگ چوتھی سی گارڈین مشقوں میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کا جنگی جہاز ڈاچنگ چوتھی دو طرفہ بحری مشقوں ’’سی گارڈین‘‘ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوی کے جہازوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ ڈاچنگ کو ایسکورٹ کیا اور شاندار استقبال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سی گارڈین مشقیں آج سے 2 اپریل تک جاری رہیں گی۔ ان مشقوں کا مقصد بحری مہارتوں کے تبادلے کے ساتھ پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سی گارڈین مشقوں سے پاک چین بحری افواج کے درمیان باہمی اشتراک کار کو بھی فروغ ملے گا۔ یہ مشقیں پاکستان اور چین کے علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مشق کے دوران بندرگاہ اور سمندر میں مختلف سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ ان میں ماہرین کے درمیان تبادلہ خیال، سیمینارز اور گنری مشقیں شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ سی گارڈین مشقوں کا سلسلہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تعلقات اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔