Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کا عوام کے لیے بڑا ریلیف پیکج، اوگرا کو 27 ارب روپے جاری

اخراجات میں مزید کمی اور بچت کے لیے نئے اقدامات زیر غور ہیں، وزارت خزانہ

 وزارت خزانہ نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے اوگرا کو قیمتوں کے فرق کی مد میں 27 ارب روپے فراہم کر دیے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق یہ رقم وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعظم اسسٹنس فنڈ سے پہلی قسط کے طور پر جاری کی گئی ہے، جس کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے روکنا ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں 27 ارب روپے کے فنڈز اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت جمع کیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور بجٹ کے اندر رہتے ہوئے عوامی ریلیف کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مزید برآں وزارت خزانہ نے عندیہ دیا ہے کہ اخراجات میں مزید کمی اور بچت کے لیے نئے اقدامات زیر غور ہیں، جبکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اضافی وسائل تلاش کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔