Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ، حکومت نے اہم معاشی فیصلہ کر لیا

اہم فیصلوں میں ایک ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری بھی شامل ہے

 بڑھتی ہوئی عالمی تیل قیمتوں اور ممکنہ مہنگائی کے پیشِ نظر حکومت نے اہم معاشی اقدامات کا اعلان کر دیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے اور مارکیٹ کو مستحکم رکھنے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی جس میں وزیراعظم آفس کے تحت اسٹریٹجک فنڈ کے قیام کے لیے 100 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اس فنڈ کا مقصد ممکنہ مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا ہے۔

ای سی سی کے مطابق خلیجی خطے کی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا خدشہ ہے، جس کے پیشِ نظر بروقت اقدامات ضروری تھے۔

مالی گنجائش پیدا کرنے کے لیے پی ایس ڈی پی فنڈز میں کمی کی گئی، تاہم ترقیاتی منصوبوں پر کم سے کم اثر ڈالنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

اہم فیصلوں میں ایک ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری بھی شامل ہے، جو نجی شعبے کے ذریعے شفاف انداز میں کی جائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنے، مارکیٹ میں استحکام لانے اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

ای سی سی نے واضح کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومتی پالیسیوں کو لچکدار رکھا جائے گا تاکہ بدلتی صورتحال کے مطابق فوری فیصلے کیے جا سکیں۔

متعلقہ خبریں