Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم پاکستان کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے، وزیر اعظم کی گورنر سندھ کو ہدایت

ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹانے کی کوئی باضابطہ شکایت نہیں کی۔

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر سندھ نہال ہاشمی کو ہدایت دی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔

جمعرات کی شام فیصل ایئربیس پر ایم کیو ایم کے وفد سے وزیراعظم نے ملاقات کی، ایم کیو ایم کا وفد چیئرمین خالد مقبول، سینئر رہنما سید مصطفی کمال، فیصل سبزواری، امین الحق، فاروق ستار اور سابق گورنر کامران ٹیسوری پر مشتمل تھا۔

ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹانے کی کوئی باضابطہ شکایت نہیں کی۔

تاہم فاروق ستار نے دوران ملاقات وزیراعظم سے کہا کہ ہمارا ایک آدمی کامران ٹیسوری آپ کے پاس تھا وہ بھی آپ نے واپس کردیا جس پر شہباز شریف نے کہا کامران آپ دل چھوٹا نہیں کریں بطور گورنر آپ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔

انہوں نے ملاقات میں موجودہ گورنر سندھ نہال ہاشمی سے کہا کہ آپ سے ایم کیو ایم کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم کے تجویز کردہ وفاق کی جانب سے کراچی کو دیے گئے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہے گا۔

ایم کیو ایم کے وفد نے پارٹی کی جانب سے پیش کردہ آئین کے آرٹیکل ایک سو چالیس اے کی تشریح کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ کابینہ میں منظوری کے باوجود عمل درآمد نہیں ہوا جس پر وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات سے اتفاق کرتے ہوئے آئندہ ہفتے اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔

متعلقہ خبریں