Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات مہنگا نہ کرنے کا فیصلہ، اربوں کا بوجھ حکومت خود اٹھائے گی

گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 125 ارب روپے کا مالی دباؤ بھی حکومتی خزانے نے سنبھالا ہے، وزیر اعظم

 شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت وفاقی حکومت قیمتوں میں اضافے کا بوجھ خود برداشت کرے گی۔

شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور بیک وقت دو اہم محاذوں پر سرگرم ہے، جہاں ایک طرف سفارتی کوششیں جاری ہیں تو دوسری جانب عوام کو معاشی ریلیف دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کروانے کے لیے متحرک ہے اور اس سلسلے میں ایران اور خلیجی ممالک کی قیادت سے متعدد بار تفصیلی رابطے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عاصم منیر بھی مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے میں فعال اور اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی اپنی ذمہ داری نبھا رہا ہے۔

معاشی صورتحال پر بات کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی اور کفایت شعاری کے ذریعے اربوں روپے کی بچت کی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے اور اس ہفتے 56 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرے گی۔

شہباز شریف کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران حکومت 125 ارب روپے کا تاریخی بوجھ اٹھا چکی ہے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت حکومت عوام کو پیٹرول 322 روپے اور ڈیزل 335 روپے فی لیٹر فراہم کر رہی ہے، جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں قیمتیں دوگنا ہو چکی ہیں اور پٹرول پمپس پر طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کے معاشی تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں، اور حکومت محدود وسائل کے باوجود مہنگائی کے طوفان کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کفایت شعاری اب قومی ذمہ داری بن چکی ہے اور سب کو مل کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں