ایران کی اسرائیل اور امریکا کے ساتھ جاری جنگ کو روکنے کے لیے پاکستان خطے کے اہم کھلاڑی کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
اسی سلسلے میں پاکستان چار اہم مسلم ممالک کے اجلاس کی میزبانی کرنے جارہا ہے، دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پاکستان چار فریقی اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جس میں خطے کی صورتحال پر اہم مشاورت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچیں گے۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترک وزیر خارجہ خاقان فدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی 29 اور 30 مارچ کو پاکستان میں قیام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اپنے دورے کے دوران وزرائے خارجہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے ان دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور یہ دورہ باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید فروغ دینے کا باعث بنے گا۔
پاکستان مذاکرات میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، ترک وزیر خارجہ
ترکیہ کے وزیرخارجہ حاقان فیدان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان مذاکرات میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے ذریعے ایک مؤثر پیغام پہنچایا جا رہا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم رہے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کا پہلا مقصد جنگ روکنا ہے اور بات چیت کے موجودہ مرحلے میں یہ واضح ہو رہا ہے کہ تمام فریقین بات چیت کے لیے سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ بھی اس عمل میں ہم آہنگی کے ساتھ شامل ہے اور اس وقت تمام متعلقہ ممالک باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے ایک مثبت حل کی کوشش کر رہے ہیں۔

















