نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں معاشی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور مصر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تاریخ، یکساں عقیدے اور عالمی امور پر ہم آہنگ مؤقف کو تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ مشترکہ وزارتی کمیشن سمیت مختلف دوطرفہ میکنزم کو فعال بنانے اور کاروباری روابط کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ نومبر 2025 میں مصری وزیرِ خارجہ کے دورۂ پاکستان کے بعد ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں صحت، دفاع اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے ہیپاٹائٹس سی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد میں مصر کے تعاون کو سراہا، جبکہ دفاعی اور تربیتی شعبوں میں روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
علاقائی صورتحال، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی، جبکہ انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کو سراہا۔

دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور مصر نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور قریبی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔















