Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر اعطم شہباز شریف اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان خطے کی صورتحال پر اہم مشاورت

ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی روابط میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔

وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر محمد عاصم ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ محمد بن سلمان کے لیے بھی خیرسگالی کا پیغام دیا۔ اس موقع پر پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے موجودہ علاقائی بحران کے دوران سعودی قیادت کے تحمل کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے حالیہ سفارتی رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے اور امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے سرگرم ہے۔

وزیر اعظم نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر فیصل بن فرحان نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی موجودہ صورتحال پر سعودی مؤقف سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک نے امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں