Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کا بڑا فیصلہ، قومی اسمبلی کے اجلاس اب دن میں سولر انرجی پر ہوں گے

قومی اسمبلی کے صرف 200 ملازمین دفتر میں حاضری دے رہے ہیں تاکہ اخراجات کو کم کیا جا سکے

قومی اسمبلی میں کفایت شعاری مہم کے تحت اہم فیصلے کرتے ہوئے اجلاس آئندہ دنوں میں بجلی کی بچت کے لیے صرف دن کی روشنی میں اور سولر توانائی کے استعمال سے منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اسلام آباد میں ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا، جس میں قومی اسمبلی کے 26ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ سیشن 10 اپریل 2026 تک جاری رہے گا، جس دوران وقفہ سوالات، اہم قانون سازی اور قومی اہمیت کے امور زیر بحث آئیں گے۔

اجلاس کے شیڈول کے مطابق آج کے اجلاس کے بعد دو روز کا وقفہ ہوگا، پھر جمعرات اور جمعہ کو اجلاس منعقد کیے جائیں گے، ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔

سوموار کو اجلاس کے بعد دوبارہ دو روز کا وقفہ دیا جائے گا، جبکہ اس کے بعد جمعرات اور جمعہ کو اجلاس منعقد کر کے سیشن کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بتایا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت 75 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں، جبکہ پروٹوکول کی تمام گاڑیوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے صرف 200 ملازمین دفتر میں حاضری دے رہے ہیں تاکہ اخراجات کو کم کیا جا سکے۔

اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، خالد حسن مگسی اور شیخ آفتاب احمد سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

مزید برآں اجلاس میں نزہت صادق، سیدہ شہلا رضا، شازیہ مری اور سید حفیظ الدین بھی شریک ہوئیں۔

متعلقہ خبریں