کراچی: ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے کراچی میں دوسرے صوبوں سے اسلحہ اسمگل ہونے کا انکشاف کردیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ گلشن معمار پولیس نے اسلحہ اسمگلنگ گینگ گرفتار کرلیا، ملزمان کا گینگ 5 افراد پر مشتمل ہے جن میں تین افغان باشندے بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 پستول، میگزین اور گولیاں برآمد ہوئیں جب کہ گرفتار ملزمان میں جہانگیر، نعمت اللّٰہ، شیر علی، سلیمان اور امجد شامل ہیں۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پشاور میں موجود سرغنہ اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث گینگ آپریٹ کررہا ہے جب کہ ملزمان مسافر بسوں کے ذریعے اسلحہ سندھ منتقل کرنے میں ملوث تھے۔
طارق الٰہی مستوئی کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار بس ڈرائیور جہانگیر برائے راست غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فرخت میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

















