کراچی: شہر قائد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈی کی تیاریاں زور پکڑگئیں۔ نادرن بائی پاس پر واقع مویشی دوست منڈی میں ایک ہزار ایکڑ رقبے سے زائد زمین پر بلڈوزر چل گئے۔
مویشی دوست منڈی انتظامیہ نے اپنے ٹھکانے کے لیے کنٹینر پہنچادیے ہیں۔ منڈی کی چکا چوند کے لیے اسٹریٹ لائٹس کے پول بھی نصب کردیے گئے ہیں۔
مویشی دوست منڈی کے اطراف خفیہ کیمروں کی تنصیب کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ عوام کی حفاظت کے لیے نادرن بائی پاس مویشی منڈی آنے والے راستوں پر پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
مویشی دوست منڈی کے ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی سج دھج کا آغاز ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ اس سال بھی کراچی میں مویشی منڈی کو شہر سے باہر نادرن بائی پاس پر منتقل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منڈی میں تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔
















