سیالکوٹ میں ایک شادی کی تقریب نے ایسا رنگ جما دیا کہ پورا علاقہ دیکھتا رہ گیا۔ مراکیوال کے علاقے میں ہونے والی اس بارات میں دولہا قمر عباس کے بھائیوں نے انوکھا انداز اپناتے ہوئے ڈالرز اور پاکستانی کرنسی کی برسات کر دی، جس نے تقریب کو میلے میں بدل دیا۔
گوندل روڈ پر جب نوٹ فضا میں بکھرے تو دیکھتے ہی دیکھتے شہریوں کا ہجوم امڈ آیا۔ لوگ قسمت آزمانے کے لیے دوڑ پڑے اور نوٹ سمیٹنے کی ایسی دوڑ لگی کہ ہر طرف ہلچل مچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق کئی افراد تو صبح سویرے ہی میرج ہال کے باہر ڈیرے ڈال کر بیٹھ گئے تھے تاکہ اس لوٹ سیل کا حصہ بن سکیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نچھاور کی جانے والی رقم لاکھوں روپے تک جا پہنچی، جبکہ آسٹریلوی ڈالرز کی موجودگی نے اس بارات کو مزید منفرد بنا دیا۔
سوشل میڈیا پر اس ڈالر بارات کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین ایک طرف حیرت کا اظہار کر رہے ہیں تو دوسری جانب مہنگائی کے دور میں ایسی فراوانی پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔



















