Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے بھاری رقم منتقل کرنے والا بھکاری مافیا بے نقاب کر دیا

نیٹ ورک کی مالی سرگرمیوں کے لیے ایک بینک اکاؤنٹ بھی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا

 ایف آئی اے نے ایک بڑی کارروائی کے دوران بین الاقوامی بھکاری نیٹ ورک کا پردہ چاک کرتے ہوئے اہم انکشافات کیے ہیں، جس سے ایک منظم گروہ کے عالمی سطح پر سرگرم ہونے کا پتا چلا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والے دو مسافروں، محمد جمیل اور گڑیا بی بی (ساکنان فیصل آباد) کو کراچی ایئرپورٹ پر کلیئرنس کے دوران مشکوک حرکات کی بنیاد پر روک لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دونوں افراد عمرہ ویزے پر بیرون ملک گئے تھے، تاہم وہاں وہ ایک منظم بھکاری نیٹ ورک کا حصہ بن گئے۔

تحقیقات کے دوران یہ چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا کہ یہ نیٹ ورک سعودی عرب میں بھیک مانگ کر بڑی مقدار میں رقم اکٹھی کرتا تھا، جسے بعد ازاں خفیہ طریقے سے حوالہ ہنڈی کے ذریعے کینیڈا میں موجود ایجنٹس کو منتقل کیا جاتا تھا۔

ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ انہیں جہلم کے رہائشی ایجنٹ کشمیر علی نے بیرون ملک بھجوایا، جبکہ ایک اور سہولت کار افتخار عرف وکیل مختلف ممالک میں افراد کو بھیک مانگنے کے لیے بھیجتا تھا۔

نیٹ ورک کی مالی سرگرمیوں کے لیے ایک بینک اکاؤنٹ بھی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا، جس کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی جاتی رہی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے حوالہ ہنڈی کی رسیدیں اور وائس نوٹس بھی برآمد ہوئے ہیں، جو اس نیٹ ورک کے منظم اور وسیع ہونے کا واضح ثبوت ہیں۔

دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے دیگر کرداروں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔