
عثمان قادر کا بورڈ کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر ریٹائرمنٹ کا اعلان
قومی ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے بورڈ کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
زمبابوے کے خلاف 2020 میں ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر عثمان قادر 1 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
تاہم اب انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بورڈ کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے لکھا ’’آج میں پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں، پاکستان کرکٹ میں میرا سفر بڑا شاندار رہا اور پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا ’’کوچز اور تمام ساتھیوں کی حمایت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس سفر کے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، فتوحات سے لے کر چیلنجز کا ہم نے ایک ساتھ سامنا کیا اور اس نے میرے کیریئر کو تشکیل دینے کے ساتھ میری زندگی کو مزید تقویت بخشی‘‘۔
عثمان قادر نے مزید لکھا ’’میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں جو ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے، میں اب نئے باب میں داخل ہورہا ہوں اور اپنے والد کی وراثت کو جاری رکھوں گا‘‘۔
واضح رہے کہ لیگ اسپنر عثمان قادر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر مرحوم کے بیٹے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News