
کرکٹ کے کھیل میں ایک اور نیا اور انوکھا فارمیٹ شامل کرلیا گیا ہے جسے ’’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ کی حکمت عملی اور ٹی ٹوئنٹی کی تیز رفتاری کو یکجا کرتا ہے۔
کرکٹ کی دنیا میں یہ فارمیٹ 16 اکتوبر کو بھارتی اسپورٹس انویسٹر گورو بہیروانی نے متعارف کرایا۔ آن لائن تقریب میں رونمائی کے دوران مختلف عہدیداروں کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز اے بی ڈی ویلیئرز، سر کلائیو لائیڈ اور میتھیو ہیڈن نے بھی اس منصوبے کی حمایت کی۔
ٹیسٹ ٹوئنٹی کھیلنے کا طریقہ
اس فارمیٹ میں ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا، میچ کی 4 اننگز ہوں گی، یعنی ہر ٹیم دو دو اننگز کھیلے گی جن میں 20-20 اوورز ہوں گے۔
پہلی اننگز کی برتری (لیڈ) دوسری اننگز میں شامل ہوجائے گی، بالکل ٹیسٹ کرکٹ کی طرح جب کہ اس فارمیٹ میں فالو آن، پاور پلے اور فری ہٹ سمیت جدید قوانین شامل کیے گئے ہیں۔
ہر ٹیم 5 بولرز استعمال کرسکے گی اور ہر بولر دونوں اننگز میں زیادہ سے زیادہ 8 اوورز کرائے گا۔ نتیجہ جیت، ہار، ڈرا یا ٹائی کی صورت میں نکل سکتا ہے تاہم اسکور برابر ہونے پر فیصلہ سپر اوور سے ہوگا۔
نوجوان کرکٹرز کے لیے پہلا ایونٹ
ٹیسٹ ٹوئنٹی فارمیٹ کا پہلا ایونٹ جونیئر ٹیسٹ ٹوئنٹی چیمپئن شپ کے نام سے جنوری 2026 میں ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں 13 سے 19 سال تک کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
ایونٹ میں 6 فرنچائزز شامل ہوں گی جن میں 3 بھارت سے جب کہ ایک ایک ٹیم دبئی، لندن اور امریکہ کی نمائندگی کرے گی۔
ہر فرنچائز میں 16 کھلاڑی ہوں گے جن میں نصف بھارت سے اور نصف دیگر ممالک سے ہوں گے۔ اس مقابلے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کے فیصلوں، صلاحیت اور کھیل کی سمجھ کو جانچنا ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News