Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوواک جوکووچ کی کووڈ ویکسین کی بجائے ٹرافیوں سے محروم رہنے کو ترجیح

سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ  نے ویکسین سے انکار پر خاموشی توڑ دی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی نمبر ون سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ وہ زبردستی کووڈ ویکسین لینے کے بجائے ٹینس ٹرافیوں سے محروم رہنے کو ترجیح دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا نوواک جوکووچ انڈین ویلز اے ٹی پی ایونٹ میں حصہ لیں گے ؟

 انہوں نے کہا کہ انہیں کسی اینٹی ویکس تحریک سے منسلک نہیں ہونا ہے لیکن کسی فرد واحد کے انتخاب کے حق کی حمایت کرتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں جوکووچ نے ویکسین پر اپنے موقف پر ومبلڈن اور فرنچ اوپن جیسے مقابلوں میں حصہ لینے کی قربانی کو بھی ترجیح دی اور کہا کہ ’یہی وہ قربانی ہے جو میں ادا کرنے کو تیار ہوں‘۔

ویکسی نیش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں کبھی بھی ویکسی نیشن کے خلاف نہیں تھا لیکن میں ہمیشہ اس آزادی کی حمایت کرتا ہوں کہ آپ اپنے جسم میں کیا داخل کروانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ 20 مرتبہ گرینڈ سلم کے فاتح رہنے والے نوواک جوکووچ کو گذشتہ ماہ آسٹریلیا سے ویکیسن نہ لگوانے پر ملک بدر کردیا گیا تھا۔

نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے آسٹریلیا گئے تھے، جہاں ایئرپورٹ پر ہی انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

اس حوالے سے جوکووچ کا کہنا تھا کہ انہوں نے آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے خصوصی طبی چھوٹ لے رکھی ہے جبکہ وہ حال ہی میں کووڈ 19 سے صحتیاب ہوئے تھے۔

آسٹریلین امیگریشن کے وزیر ایلکس ہاک کا کہنا تھا کہ 34 سالہ سربین ٹینس اسٹار کا ویزہ اس وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے کہ ان کی موجودگی شہری بدامنی کو ہوا دے سکتی ہے جبکہ ان کے اس اقدام سے ویکسین مخالف جذبات کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔