کراچی: آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں قومی کرکٹر صائم ایوب ایک بار پھر دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق صائم ایوب نے 294 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست پوزیشن سنبھال لی اور زمبابوے کے سکندر رضا سے پہلی پوزیشن چھین لی۔
آل راؤنڈر کی فہرست میں ایک اور پاکستانی کرکٹر بھی نمایاں ہوا ہے۔ محمد نواز شاندار بہتری کے ساتھ ساتویں نمبر سے چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں، جس سے پاکستان دو ٹاپ آل راؤنڈرز کے ساتھ رینکنگ میں مضبوط جگہ بنا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی نے مینز اور ویمنز پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں قومی اوپنر صاحبزادہ فرحان کی پوزیشن میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وہ دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے سے چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
نئی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، خصوصاً صائم ایوب کی واپسی نے شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔




















