لاہور: پاکستانی کرکٹرز کے بگ بیش لیگ کھیلنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کھلاڑیوں کی شرکت کو نیشنل ڈیوٹی سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کردیا ہے کہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جس کھلاڑی کا نام شامل ہوگا، اسے نیشنل ڈیوٹی ہر صورت ترجیح دینی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے بی بی ایل میں شرکت کے لیے این او سی جاری ضرور کیے ہیں، مگر کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی وقت قومی ٹیم کے لیے دستیاب رہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل ہونے کی صورت میں قومی کرکٹرز کو فوری طور پر لیگ چھوڑ کر سری لنکا پہنچنا ہوگا۔
پاکستان 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔
امکان ہے کہ مستقل ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو اس سیریز سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔
پی سی بی نے بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، حارث رؤف، شاداب خان اور حسن علی کو 14 دسمبر سے 28 جنوری تک مشروط این او سی جاری کیے ہیں۔
ان کھلاڑیوں کو قومی اسکواڈ میں شامل ہونے پر بی بی ایل چھوڑنی پڑے گی۔
ذرائع کے مطابق اسکواڈ میں نام آنے کی صورت میں کھلاڑی آسٹریلیا سے براہِ راست سری لنکا جائیں گے۔
دوسری جانب پی سی بی نے فخر زمان، نسیم شاہ اور حسن نواز کو آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 جنوری تک این او سی جاری کیے ہیں۔
پی سی بی کا مؤقف ہے کہ تمام غیر ملکی لیگز کی اجازت قومی ذمہ داری سے مشروط ہوتی ہے اور کھلاڑیوں کے لیے سب سے پہلی ترجیح پاکستان کرکٹ ٹیم ہے۔



















