فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈراز کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔
تقریب میزبان ملک امریکا میں منعقد ہوئی جس میں اہم شخصیات کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شرکت کی۔
ورلڈ کپ 2026 پہلی بار تین ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد کیا جائے گا، ایونٹ میں شامل 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
گروپ (اے) میں میکسیکو، جنوبی افریقا، جنوبی کوریا اور پلے آف ڈی کی فاتح ٹیم کو شامل کیا گیا جبکہ گروپ (بی) میں کینیڈا، قطر، سوئٹزرلینڈ اور پلے آف اے کی کوالیفائر ٹیم شامل ہوں گی۔

گروپ (سی) میں برازیل، مراکش، اسکاٹ لینڈ اور ہیٹی، گروپ (ڈی) میں امریکا، آسٹریلیا، پیراگوئے اور پلے آف سی کی فاتح ٹیم اور گروپ (ای) میں جرمنی، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ اور کوراکاؤ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گروپ (ایف) میں نیدرلینڈز، جاپان، تیونس اور پلے آف بی کی کوالیفائر ٹیم، گروپ (جی) میں بیلجیم، ایران، مصر اور نیوزی لینڈ اور گروپ (ایچ) میں اسپین، سعودی عرب، یوروگوئے اور کیپ وردے کی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ کی سخت گیر امیگریشن پالیسیوں سے فیفا ورلڈ کپ کی فضا متاثر ہونے کا خدشہ
گروپ (آئی) میں فرانس، سینیگال، ناروے اور پلے آف 2 کی فاتح ٹیم شامل ہوگی جبکہ گروپ (جے) میں ارجنٹینا (دفاعی چیمپیئن)، آسٹریا، الجیریا اور اردن، گروپ (کے) میں پرتگال، ازبکستان، کولمبیا اور پلے آف ون کی فاتح ٹیم اور گروپ (ایل) میں انگلینڈ، کروشیا، پاناما اور گھانا کو شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کا یہ فارمیٹ تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔


















