Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

35 ویں نیشنل گیمز کراچی، پنجاب پولیس ٹیموں کی شاندار کارکردگی

پاکستان پولیس کی شاندار کارکردگی محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے، آئی جی پنجاب

لاہور: 35ویں نیشنل گیمز کراچی 2025 میں پاکستان پنجاب پولیس کی خواتین اور مرد کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد اہم فتوحات اپنے نام کر لیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پاکستان پنجاب پولیس کی خواتین سافٹ بال ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کی ٹیموں کو شکست دے دی۔

اسی طرح نیٹ بال مقابلوں میں بھی پولیس کے کھلاڑی چھا گئے، جہاں پاکستان پولیس نیٹ بال ٹیم نے پنجاب کی ٹیم کو مات دی۔

فٹبال ایونٹ میں بھی پولیس کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا اور پاکستان پولیس فٹبال ٹیم نے سندھ کی ٹیم کو شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والی پولیس ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کے کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور اعلیٰ تیاری کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگاتار فتوحات کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پاکستان پولیس کی شاندار کارکردگی محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس اسپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف اسپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی فتوحات سمیٹنے والی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔