Site icon بول نیوز

پاکستان ہاکی ٹیم کا پرو ہاکی لیگ میں شکست کے ساتھ ڈیبیو

پاکستان ہاکی ٹیم کا پرو ہاکی لیگ میں شکست کے ساتھ ڈیبیو

سانتیاگو : پاکستان ہاکی ٹیم کا پروہاکی لیگ میں افسوسناک ڈیبیو، اپنے پہلے ہی میچ میں نیدرلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا کے شہر سانتیاگو ڈیل ایسٹرو میں ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ 2025/26 کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو دفاعی چیمپئن نیدرلینڈز کے ہاتھوں 5-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عالمی ہاکی کی ایلیٹ لیگ میں پہلی بار شرکت کرنے والی قومی ٹیم نے میچ کا آغاز اعتماد اور جارحانہ کھیل سے کیا، تاہم ڈچ ٹیم کی پنالٹی کارنرز پر مہارت اور دوسرے ہاف میں بہتر کنٹرول نے میچ کا رخ موڑ دیا۔

مزید پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ، پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دے دی

میچ کا آغاز پاکستان کے لیے شاندار رہا جب نوجوان حنان شاہد نے بائیں جانب سے شاندار انفرادی کاوش کرتے ہوئے دو مدافعین کو چکما دیا اور گیند کو گول کیپر مورٹز ویسر کے پار جال میں پہنچا کر دنیا کو حیران کر دیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنی اس ابتدائی برتری کے ساتھ اپنی آمد کا بھرپور اعلان کیا، تاہم نیدرلینڈز نے تجربے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد واپسی کی۔

کپتان تھیری برِنک مین کی بروقت ٹیکل کے بعد ہونے والے حملے پر کوئن بیجن نے پہلا گول برابر کیا، جبکہ پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل ٹیمو بورز نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ڈچ ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی۔

دوسرے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے ایک بار پھر حوصلہ دکھایا اور صوفیان خان نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر اسکور 2-2 کر دیا۔ ہاف ٹائم تک مقابلہ پوری طرح سنسنی خیز رہا، تاہم تیسرا کوارٹر فیصلہ کن ثابت ہوا۔

نیدرلینڈز نے دفاع مضبوط کیا اور پاکستان کی غلطیوں کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تیجمن ریئینگا اور ٹیمو بورز نے پنالٹی کارنرز پر گول کر کے برتری بڑھا دی۔

مزید پڑھیں: مصر اور چلی ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈز کی میزبانی کے لیے منتخب

بعد ازاں ڈیوکو ٹیلیگن کیمپ نے ایک ڈھیلی گیند پر گول کر کے اسکور 5-2 کر دیا۔

تیجمن ریئینگا کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آخری کوارٹر میں نیدرلینڈز نے گیند پر کنٹرول رکھتے ہوئے پاکستان کو واپسی کا موقع نہ دیا۔

شکست کے باوجود پاکستان کی رفتار، ونگز سے حملے اور جارحانہ لمحات نے پرو لیگ میں آئندہ میچز کے لیے امید ضرور دلائی ہے۔

پاکستان اپنا اگلا میچ 12 دسمبر کو میزبان ارجنٹینا کے خلاف کھیلے گا، جبکہ 13 دسمبر کو نیدرلینڈز سے ری میچ اور 15 دسمبر کو ایک بار پھر ارجنٹینا کے مدمقابل آئے گا۔

Exit mobile version