Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاس اینجلس اولمپکس کیلئے ہاکی کوالیفکیشن سسٹم کی منظوری

 لوزان: انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کیلئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کے نئے کوالیفیکیشن سسٹم کی منظوری دے دی ہے۔

اس منظوری کے بعد آئندہ اولمپکس میں ہاکی ایونٹس کیلئے ٹیمنگ، فارمیٹ اور کوالیفائنگ طریقہ کار باقاعدہ طور پر طے ہوگیا ہے۔

مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں بارہ، بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ امریکا بطور میزبان ملک براہِ راست کوالیفائی کرے گا۔

مزید پڑھیں: لاس اینجلس، ریفائنری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جیٹ فیول کی فراہمی متاثر

FIH کے مطابق نئے سسٹم میں ایف آئی ایچ پرو لیگ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ پرو لیگ 2025-26 کی ٹاپ ٹیم براہِ راست اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرے گی جبکہ 2026-27 سیزن کی فاتح ٹیم بھی اولمپکس کا حصہ بنے گی۔

اگر دونوں سیزنز میں ایک ہی ٹیم فاتح بنتی ہے تو 2026-27 کی رنر اپ ٹیم کو براہِ راست اولمپک ٹکٹ ملے گا۔ اس سے پرو لیگ کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

براعظمی کوالیفائرز کے حوالے سے بھی واضح پالیسی مرتب کی گئی ہے۔ پانچوں براعظمی چیمپئن شپ—افریکن روڈ ٹو LA28، پان ام گیمز، ایشین گیمز، یورو ہاکی اور اوشیانا کپ—کی ٹاپ نان کوالیفائیڈ ٹیمیں اولمپکس میں جگہ بنائیں گی۔

اگر پرو لیگ کی فاتح ٹیم براعظمی چیمپئن بھی ہو تو اس کا کوٹا متعلقہ ایونٹ کی اگلی بہترین ٹیم کو منتقل کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: لاس اینجلس زیر تعمیر سرنگ دھنس گئی، 27 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، ریسکیو

اس کے علاوہ پان امریکن گیمز 2027 میں اگر امریکہ کامیاب ہوتا ہے تو اس کی وجہ سے کوالیفکیشن سلاٹ دوسری ٹیم کو نہیں ملے گا بلکہ یہ اضافی کوٹا سیدھا اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹس میں منتقل ہو جائے گا۔

FIH نے اعلان کیا ہے کہ 2028 کے آغاز میں باقاعدہ اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹس منعقد ہوں گے، جن میں سے ہر ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں اولمپکس کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

اس سسٹم کے ذریعے دنیا بھر کی ٹیموں کو متعدد راستوں سے اولمپکس تک رسائی کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

لاس اینجلس میں کارسن فیلڈز کو جدید اولمپک ہاکی اسٹیڈیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جہاں اولمپکس 2028 کے مردوں اور خواتین کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

 FIH کا کہنا ہے کہ نیا کوالیفکیشن سسٹم کھیل کی عالمی سطح پر ترقی، شفافیت اور مقابلوں کے معیار کو بلند رکھنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔