سنتیاگو میں جاری ایف آئی ایچ پرو لیگ ہاکی کے تیسرے میچ میں بھی نیدرلینڈ نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے محمد سفیان خان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 گول اسکور کیے، جو انہوں نے میچ کے 39ویں اور 59ویں منٹ میں پینلٹی کارنرز پر کیے جبکہ رانا وحید اشرف نے 55ویں منٹ میں پاکستان کی طرف سے ایک اور گول داغا۔
نیدرلینڈ کی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا، جس میں تھیری اور گیوس نے دو، دو گول اسکور کیے جبکہ تھیجس، ٹیمو اور جوریٹ نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی برتری کو مضبوط بنایا۔
اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کو پرولیگ کے تیسرے میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیدرلینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر مکمل کنٹرول رکھا۔
واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ کے 2 میچز میں بھی پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم پاکستان اپنا چوتھا میچ میزبان ارجنٹینا کے خلاف 15 دسمبر کو کھیلے گا۔

















