کراچی: پاکستان آرمی نے 200 گولڈ میڈلز کے ساتھ 35 ویں نیشنل گیمز کی سلور جوبلی کی قائداعظم ٹرافی جیت لی۔
35 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شاندار، تاریخی اور قومی جذبے سے بھرپور ماحول میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
قائداعظم محمد علی جناح کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فاتح ٹیم پاکستان آرمی کو قائداعظم ٹرافی پیش کی گئی جو آرمی کے جوانوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے وصول کی۔
پاکستان آرمی مجموعی چیمپئن قرار
35 ویں نیشنل گیمز میں مجموعی نتائج کے مطابق پاکستان آرمی نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور سلور جوبلی کامیابی کے ساتھ مجموعی طور پر 353 میڈلز اپنے نام کیے جن میں سے200 گولڈ، 97 سلور اور 56 برانز میڈلز شامل ہیں۔
واپڈا نے دوسری پوزیشن حاصل کی جس نے مجموعی طور پر 232 میڈلز جیتے جن میں 85 گولڈ، 73 سلور اور 74 برانز شامل ہیں۔
پاکستان نیوی تیسری پوزیشن پر رہی جس کے مجموعی میڈلز کی تعداد 110 رہی جن میں 36 گولڈ، 39 سلور اور 35 برانز میڈلز شامل ہیں۔
خصوصی ٹرافیاں اور اعزازات
فیئر پلے ٹرافی صوبہ سندھ کے حصے میں آئی جو ثنا علی نے وصول کی۔ بیسٹ ٹرن آؤٹ ٹرافی پاکستان پولیس کے پیر محمد شاہ نے حاصل کی۔
سوئمنگ ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حمزہ آصف کو رول آف آنر ٹرافی دی گئی جنہوں نے 50 میٹر فری اسٹائل اور 50 میٹر بریسٹ اسٹروک میں نئے قومی ریکارڈ قائم کیے۔
صوبہ پنجاب کو اسپیشل ٹرافی دی گئی جو سیکرٹری جنرل پنجاب نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وصول کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 35 ویں نیشنل گیمز کو ایک شاندار، منظم اور کامیاب قومی ایونٹ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس عظیم ایونٹ کے انعقاد کا سہرا حکومت سندھ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کے سر جاتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نیشنل گیمز جیسے میگا ایونٹ کا انعقاد آسان نہیں ہوتا اور اس میں شریک تمام ایتھلیٹس پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک ادارے یا فورس کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔ جب نوجوان تعلیم، صحت اور کھیل کے میدان میں آگے بڑھیں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔
36 ویں نیشنل گیمز پنجاب میں ہوں گے
اختتامی تقریب کے دوران باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ 36 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی صوبہ پنجاب کو دی گئی ہے۔
اس اعلان پر نیشنل اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے پرجوش خیرمقدم کیا جب کہ حکام نے امید ظاہر کی کہ پنجاب آئندہ نیشنل گیمز کو بھی اسی قومی جذبے اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منعقد کرے گا۔



















