دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 90 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔
میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو 49، 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی انڈر 19 ٹیم نے 46 اعشاریہ ایک اوورز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بھارت کی جانب سے آرون جارج نے 85 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، آیوَش مہاترے نے 38 رنز اسکور کیے جبکہ کنیسک چوہان نے 46 قیمتی رنز جوڑے۔
پاکستان کی بولنگ میں محمد سیام اور عبدالسبحان سب سے کامیاب رہے جنہوں نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ نقب شفیق نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستانی بیٹنگ لائن میں صرف حذیفہ احسن نے 70 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، تاہم دیگر بیٹرز کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔
بھارتی بولنگ اٹیک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، دیپیش دیوندراں نے صرف 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کنیسک چوہان اور کِشان سنگھ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دیپیش دیوندراں کو عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔




















