Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میسی کے دورہ بھارت میں بدنظمی اور شائقین کی ہنگامہ آرائی، منتظم گرفتار

لیونل میسی کی اسٹیڈیم میں موجودگی کا دورانیہ 45 منٹ طے تھا، تاہم وہ صرف 20 منٹ بعد ہی روانہ ہو گئے

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کے بھارت کے دورے کا آغاز ہفتے کے روز بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے ساتھ ہوا۔

کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں شائقین نے کرسیاں اکھاڑ دیں، اشیا میدان میں پھینکیں اور پچ میں داخل ہو گئے۔ یہ سب اس وقت ہوا جب میسی ٹکٹ یافتہ تقریب میں مختصر وقت کے لیے ہی نظر آئے۔

پولیس کے مطابق اس ایونٹ کے مرکزی منتظم ستادرو دتہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مغربی بنگال پولیس کے ڈائریکٹر جنرل راجیو کمار نے تصدیق کی کہ منتظم کو بدانتظامی کے الزامات پر گرفتار کیا گیا ہے۔

لیونل میسی کی اسٹیڈیم میں موجودگی کا دورانیہ 45 منٹ طے تھا، تاہم وہ صرف 20 منٹ بعد ہی روانہ ہو گئے۔

 ایونٹ کے ٹکٹوں کی قیمت تقریباً 3,500 بھارتی روپے سے شروع ہو رہی تھی، جو بھارت میں ایک عام شہری کی ہفتہ وار آمدن سے بھی زیادہ ہے، جبکہ ایک شائق نے بتایا کہ اس نے تقریب میں شرکت کے لیے 130 ڈالر ادا کیے۔

سالٹ لیک اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے اکھڑی ہوئی نشستیں اور دیگر اشیا میدان میں پھینکیں، جبکہ متعدد افراد باڑ پھلانگ کر گراؤنڈ میں داخل ہو گئے اور اشیا اچھالتے رہے۔

میزورام سے تقریباً ڈیڑھ ہزار کلومیٹر کا سفر کر کے آنے والے شائق ایڈی لال ہمانگائیزوالا نے کہا کہ وہ ناقص انتظامات پر شدید مایوس ہیں۔

ان کے مطابق میسی جلدی چلے گئے، غالباً وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے تھے، اور انہیں میسی کی صرف ایک جھلک ہی دیکھنے کو ملی۔

ایونٹ کے منتظمین نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا۔ تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی منتظم نے تحریری طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ تقریب کے تمام فروخت شدہ ٹکٹوں کی رقم شائقین کو واپس کی جائے گی، جبکہ بدانتظامی پر قانونی کارروائی جاری ہے۔