Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سابق سری لنکن کپتان ارجنا راناٹنگا کے خلاف کرپشن کیس، گرفتاری کا فیصلہ

یہ مقدمہ ان کے وزارتِ پیٹرولیم کے دور میں کیے گئے تیل کی خریداری کے متنازع فیصلوں سے متعلق ہے

سری لنکا کے عالمی کپ فاتح سابق کپتان اور سابق وزیرِ پیٹرولیم ارجنا راناٹنگا کے خلاف کرپشن کیس میں گرفتاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ ان کے وزارتِ پیٹرولیم کے دور میں کیے گئے تیل کی خریداری کے متنازع فیصلوں سے متعلق ہے۔

تحقیقات کے مطابق ارجنا راناٹنگا اور ان کے بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے طویل المدتی تیل خریداری کے معاہدوں میں طے شدہ طریقۂ کار تبدیل کرتے ہوئے زیادہ مہنگے داموں فوری بنیادوں پر تیل خریدا۔

ان فیصلوں کے نتیجے میں 2017 کے دوران کی گئی 27 خریداریوں سے سری لنکن ریاست کو تقریباً 800 ملین روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

ذرائع کے مطابق ارجنا راناٹنگا اس وقت بیرونِ ملک مقیم ہیں، تاہم ان کی وطن واپسی پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب ان کے بڑے بھائی دھمیکا راناٹنگا، جو اس وقت سرکاری ادارے سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین تھے، کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا، تاہم عدالت نے ان پر بیرونِ ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

واضح رہے کہ دھمیکا راناٹنگا سری لنکا اور امریکا کی دوہری شہریت کے حامل ہیں۔ مجسٹریٹ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 13 مارچ مقرر کر دی ہے۔