آسٹریلوی اسٹار بلے باز اور سڈنی تھنڈر کے کپتان ڈیوڈ وارنر ایک غیر متوقع حادثے میں انجری کا شکار ہو گئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وارنر یہ چوٹ کسی میچ یا پریکٹس کے دوران نہیں بلکہ اپنے بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے لگنے کے باعث آج ہوبارٹ ہوریکنز کے خلاف شیڈول مقابلے میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل ڈیوڈ وارنر ساحلِ سمندر پر اپنے بچوں کے ساتھ ریت میں کھیل رہے تھے کہ اچانک ان کے پہلو (سائیڈ) میں تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد طبی معائنے میں انجری کی تصدیق ہوئی۔
گزشتہ بی بی ایل سیزن میں ڈیوڈ وارنر کی کارکردگی شاندار رہی تھی، جہاں انہوں نے اوسط 45 کے ساتھ رنز اسکور کیے اور سڈنی تھنڈر کو فائنل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تاہم بدقسمتی سے فیصلہ کن میچ میں تھنڈر کو ہوبارٹ ہوریکنز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ ڈیوڈ وارنر ہفتے کو سڈنی سکسرز کے خلاف ہونے والے میچ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ وارنر اس سیزن میں ہوبارٹ کے خلاف دوبارہ میدان میں اتر کر پچھلے فائنل کی شکست کا حساب چکانے کے خواہاں ہیں۔



















