پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے انتخابی عمل پر واضح اور سخت ہدایات جاری کر دیں۔
بورڈ نے فوری طور پر ہاکی کلبوں کی رجسٹریشن اور انتخابات روکنے کا حکم دیا ہے، کیونکہ پی ایچ ایف کی جانب سے کلبوں کی آن لائن رجسٹریشن بغیر پی ایس بی کی اجازت غیر قانونی قرار دی گئی ہے۔
پی ایس بی کے مطابق پی ایچ ایف کا یکطرفہ الیکشن شیڈول اور اسکرونٹی کا عمل قواعد کے خلاف ہے اور بورڈ نے واضح کیا ہے کہ یکطرفہ انتخابات کو کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
مزید برآں الیکشن کمیشن کی تشکیل پی ایس بی کی منظوری سے مشروط ہوگی، جبکہ تین رکنی کمیشن میں دو ارکان پی ایس بی کی طرف سے نامزد ہوں گے۔
کلب اسکرونٹی کمیٹی میں پی ایس بی کے ساتھ ساتھ صوبائی اسپورٹس بورڈز کی نمائندگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل شفاف اور قانونی ہو۔
پی ایس بی نے پی ایچ ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ سات روز میں تحریری وضاحت جمع کرائے اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق قواعد کے تحت الیکشن کرانا لازم ہوگا۔
