آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی ٹور کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت یہ ایشیا کے مختلف ممالک کا سفر کرے گی اور لاکھوں کرکٹ شائقین کو اسے قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کا میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا، جس میں 20 ٹیمیں 29 دن تک ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
ٹرافی ٹور کی شروعات ایک تاریخی اور علامتی مقام رام سیتو پل پر پیراموٹر پرواز کے ذریعے کی گئی۔ یہ پل بھارت اور سری لنکا کو جوڑتا ہے اور دونوں ممالک کی ثقافت اور تاریخی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔
بھارت کی جنوبی ساحلی پٹی کے پس منظر میں دو نشستوں والا پیراموٹر ٹرافی کے ساتھ آسمان میں بلند ہوا۔
پرواز نے چمکدار لائم اسٹون ساحلوں کے اوپر سے گزرتے ہوئے پل کے سب سے دور دراز مقام تک سفر کیا اور واپس آئی، اس دوران ایئر ویو شاٹس کے ذریعے تاریخی لمحے کو محفوظ کیا گیا۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ ٹرافی ٹور کا آغاز تاریخی مقام سے کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ایونٹ دنیا بھر میں کرکٹ کے جذبے کو جگانے اور مداحوں کو متحد کرنے والا سفر ہے۔
ان کے مطابق یہ ٹور صرف ٹرافی کی نمائش نہیں بلکہ مختلف براعظموں، ثقافتوں اور کرکٹ کمیونٹیز کو جوڑنے کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیو جیت سائیکیا نے کہا کہ بھارت ایک بار پھر عالمی سطح کے ایونٹ کی میزبانی کرنے پر پرجوش ہے۔
اسی طرح سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا نے کہا کہ وہ اس شاندار ٹور کے آغاز پر خوش ہیں اور دنیا بھر کے مداحوں کو اس ایونٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
ٹرافی اس دوران بھارت، سری لنکا، قطر، عمان، نیپال، بحرین اور منگولیا سمیت کئی ممالک کا دورہ کرے گی۔
اس دوران مختلف تعلیمی ادارے، کرکٹ کیمپس اور دیگر اہم مقامات پر بھی ٹرافی کی نمائش ہوگی، تاکہ لاکھوں شائقین اسے قریب سے دیکھ سکیں اور عالمی کرکٹ کے جوش و جذبے کا حصہ بن سکیں۔




















