Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی ٹیم کی جانب سے کبڈی کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی کا بیان سامنے آگیا

میں پاکستانی ہوں اور پاکستان کے لیے جان بھی قربان کرنے کو تیار ہوں، عبید اللہ راجپوت

بحرین میں منعقد ہونے والے کبڈی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی کھلاڑی عبیداللہ راجپوت نے اس معاملے پر اپنا موقف پیش کردیا۔

عبیداللہ راجپوت کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ہر سال بحرین میں ہوتا ہے اور وہ پہلے بھی اس میں شرکت کرچکے ہیں۔ اس بار جس ٹیم نے انہیں دعوت دی، وہ قبول کرکے وہاں گئے اور ان کا مقصد صرف کھیلنا تھا۔

انہوں نے وضاحت دی کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ٹیموں کے نام انڈیا اور پاکستان رکھے جائیں گے۔ گراؤنڈ میں داخل ہوتے وقت دوستوں نے بتایا کہ وہ انڈیا کی طرف سے کھیل رہے ہیں جس پر انہوں نے کمنٹیٹر سے کہا کہ واضح اعلان کیا جائے کہ یہ انڈیا پاکستان کا میچ نہیں بلکہ ایک لوکل کپ ہے۔

عبیداللہ راجپوت نے کہا کہ وہاں جاکر نعرے لگنے اور جھنڈے لہرانے کا علم انہیں نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا ’’یہ محض ایک کپ ہے، نہ کہ ورلڈ کپ اور اگر یہ واقعی ورلڈکپ ہوتا تو میں لازمی پاکستان کی نمائندگی کرتا‘‘۔

انہوں نے واضح کیا ’’میں پاکستانی ہوں اور پاکستان کے لیے جان بھی قربان کرنے کو تیار ہوں، اگر میری وجہ سے کسی کا دل دکھا ہو تو معذرت خواہ ہوں اور اپنی فیڈریشن، اساتذہ اور چاہنے والوں سے بھی معافی چاہتا ہوں‘‘۔

یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد پاکستان کبڈی فیڈریشن نے فوری طور پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جب کہ فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور کے مطابق چیئرمین چوہدری شافع حسین 27 دسمبر کو اجلاس کریں گے۔

رانا سرور نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی قومی کھلاڑی کا غیر ملکی ٹیم میں کھیلنا یا جھنڈا لہرانا ناقابل قبول ہے، اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔