Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فرانسیسی عدالت کا پی ایس جی کو ایمباپے کو 60 ملین یورو ادا کرنے کا حکم

ایمباپے نے ایک سال تک یہ بات چھپائے رکھی کہ وہ اپنا معاہدہ تجدید نہیں کریں گے، پی ایس جی

فرانس کی ایک لیبر کورٹ نے منگل کے روز پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو فٹبال اسٹار کیلیان ایمباپے کو 60 ملین یورو (تقریباً 70.6 ملین ڈالر) ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالتی فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب کئی ماہ تک قانونی کشمکش جاری رہی۔ ایمباپے نے پی ایس جی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ اپریل، مئی اور جون 2024 کی تنخواہیں اور واجبات ادا نہیں کیے گئے، یہ وہ دور تھا جب وہ فری ٹرانسفر پر کلب چھوڑ کر ریال میڈرڈ منتقل ہونے والے تھے۔

عدالت نے قرار دیا کہ پی ایس جی نے ایمباپے کی تین ماہ کی تنخواہ، ایک اخلاقی بونس (ایتھکس بونس) اور سائننگ بونس ادا نہیں کیا، جو ان کے ملازمت کے معاہدے کے تحت واجب الادا تھے۔

یہ رقوم فرانسیسی پروفیشنل فٹبال لیگ (ایل ایف پی) کے ستمبر اور اکتوبر 2024 میں دیے گئے دو فیصلوں میں بھی ایمباپے کے حق میں تسلیم کی جا چکی تھیں۔

ججوں نے کہا کہ پی ایس جی کوئی ایسا تحریری معاہدہ پیش کرنے میں ناکام رہا جس سے ثابت ہو کہ ایمباپے نے ان رقوم سے دستبرداری اختیار کی تھی۔

عدالت نے پی ایس جی کا یہ مؤقف مسترد کر دیا کہ ایمباپے اپنی تمام بقایا تنخواہیں کھو بیٹھنے کے پابند ہیں، تاہم ساتھ ہی ایمباپے کے چند اضافی دعوے بھی خارج کر دیے گئے۔

ان مسترد شدہ دعوؤں میں خفیہ طور پر کام لینے، اخلاقی ہراسانی اور ملازم کی سلامتی سے متعلق آجر کی ذمہ داری کی خلاف ورزی جیسے الزامات شامل تھے۔

عدالت نے ایمباپے کے مدتِ معینہ کے معاہدے کو مستقل نوعیت کا معاہدہ تسلیم نہیں کیا، جس کے باعث برطرفی اور نوٹس پیریڈ سے متعلق ممکنہ اضافی معاوضے کی حد محدود ہو گئی۔

دوسری جانب پی ایس جی کا مؤقف تھا کہ ایمباپے نے ایک سال تک یہ بات چھپائے رکھی کہ وہ اپنا معاہدہ تجدید نہیں کریں گے، جس سے کلب کو ٹرانسفر فیس حاصل کرنے کا موقع نہیں ملا۔ پی ایس جی نے یاد دلایا کہ انہوں نے 2017 میں ایمباپے کو اے ایس موناکو سے 180 ملین یورو میں خریدا تھا۔

تاہم ایمباپے کے نمائندوں نے کہا کہ یہ تنازع ٹرانسفر پالیسی سے نہیں بلکہ فرانسیسی لیبر قانون کے اطلاق اور ادا نہ کی جانے والی رقوم سے متعلق ہے۔