دبئی: پاکستان انڈر 19 ایشیاکپ کے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ بارش کے باعث میچ کو 27، 27 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
میچ میں بنگلادیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی منظم بولنگ کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حذیفہ احسن نے بھی 2 اہم کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 63 گیندیں قبل مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی فتح میں سمیر منہاس نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 69 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی اور ٹیم کو با آسانی فائنل تک پہنچادیا۔
پاکستان کی اس فتح کے ساتھ ہی انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل مزید دلچسپ ہوگیا ہے، جہاں اتوار کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔



















