Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 11 کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز

پی ایس ایل 11 میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں شرکت کے خواہشمند غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل 11 کے لیے فارن پلیئر رجسٹریشن ونڈو کھول دی گئی ہے۔

 

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ایک تاریخی توسیعی مرحلے میں داخل ہورہا ہے کیونکہ لیگ میں دو نئی فرنچائزز شامل کی جارہی ہیں جس کے بعد ٹیموں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوجائے گی۔

پی سی بی نے بتایا کہ اس توسیع سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے زیادہ مواقع اور زیادہ دستیاب اسکواڈ اسپاٹس پیدا ہوں گے جب کہ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا سیزن ہوگا۔

بورڈ کے مطابق ایجنٹس اور آزاد حیثیت سے کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی 20 جنوری 2026 تک اپنی رجسٹریشن مکمل کرسکتے ہیں تاکہ انہیں پلیئر پول میں شامل کیا جاسکے۔ رجسٹریشن کے لیے لنک پی سی بی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں ہوا تھا اور پی ایس ایل 11 میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ دو نئی فرنچائزز کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی جسے براہِ راست نشر بھی کیا جائے گا۔