Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرفراز کبھی دھوکا نہیں دے گا، ایک نام، ایک روایت، ایک اور تاریخی فتح

سرفراز نے ہمیشہ بھارت کے خلاف میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد جب پاکستان کی فاتح ٹیم نے میدان میں جشن منایا تو اس منظر کی سب سے نمایاں تصویر ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد تھے، جو نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے مسکرا رہے تھے۔

یہ مناظر پاکستان میں خوشی اور فخر کی علامت بنے، جبکہ سرحد پار بھارتی شائقین کے لیے ایک بار پھر مایوسی کا پیغام ثابت ہوئے۔

یہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ تاریخ کا تسلسل ہے۔ یہی وہ سرفراز احمد ہیں جن کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 2006 کے ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر عالمی سطح پر اپنی برتری ثابت کی تھی۔ وقت گزرا، کردار بدلے، مگر روایت برقرار رہی۔

2017 کی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل آج بھی بھارتی کرکٹ کے لیے ایک تلخ یاد ہے، جب سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان کی قومی ٹیم نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا تھا۔ وہ دن پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کے سنہرے ابواب میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اب ایک بار پھر مگر اس دفعہ بطور مینٹور، سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ کو ایک اور یادگار لمحہ دیا۔ ان کی رہنمائی میں انڈر 19 قومی ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور ثابت کر دیا کہ سرفراز احمد جہاں بھی ہوتے ہیں، وہاں کامیابی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔

شائقینِ کرکٹ سوشل میڈیا اور کھیلوں کے حلقوں میں برملا اس حقیقت کا اظہار کر رہے ہیں کہ سرفراز احمد پاکستان کرکٹ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

ان کے مطابق سرفراز نے ہمیشہ بھارت کے خلاف میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ہر موقع پر اعتماد، جرات اور حب الوطنی کی علامت بن کر سامنے آئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے کبھی قوم کو دھوکا نہیں دیا اور ہر کردار میں پاکستان کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔

ایشیا کپ فائنل کے بعد گراؤنڈ میں منایا گیا جشن صرف ایک فتح کا اظہار نہیں تھا بلکہ یہ اس اعتماد کی توثیق تھی جو قوم کو اپنے اس ہیرو پر ہے—ایک ایسا نام جو ماضی، حال اور مستقبل میں پاکستانی کرکٹ کی کامیابیوں کی علامت بن چکا ہے۔