افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے باضابطہ طور پر دوبارہ ایک نئی فرنچائز طرز کی ٹی ٹوئنٹی لیگ افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
بورڈ کے مطابق اس لیگ کا پہلا ایڈیشن پانچ ٹیموں پر مشتمل ہوگا اور اسے اکتوبر 2026 کے آس پاس متحدہ عرب امارات میں کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ افغانستان پریمیئر لیگ متعارف کروائی جا رہی ہو۔ اس سے قبل اے سی بی نے 2018 کے آغاز میں بھی اسی نام سے ایک لیگ لانچ کی تھی، جس کا صرف ایک ہی سیزن منعقد ہوا۔
اس ایڈیشن میں دنیا کے نامور کھلاڑیوں کرس گیل، برینڈن میکلم، شاہد آفریدی سمیت دیگر معروف اسٹارز نے شرکت کی تھی، تاہم ادائیگیوں کے مسائل اور لیگ کی شفافیت سے متعلق خدشات سامنے آنے کے بعد اس ٹورنامنٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔
افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی لیگ کے لیے کھلاڑیوں کا ڈرافٹ یا نیلامی جون یا جولائی 2026 میں متوقع ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افتتاحی سیزن میں پانچ شہروں کی نمائندگی کرنے والی فرنچائزز شامل ہوں گی، جن میں افغانستان کے نمایاں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ معروف غیر ملکی پروفیشنلز اور ابھرتے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا جائے گا۔
دبئی میں ہفتے کے روز لیگ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے سی بی کے چیئرمین میرواعظ اشرف نے کہا کہ افغانستان پریمیئر لیگ افغان کرکٹ کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ان کے مطابق یہ لیگ نہ صرف کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ نوجوان نسل کو متاثر کرے گی اور افغانستان کرکٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے پی ایل کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور یکجہتی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس لیگ کے انعقاد کے لیے کرکٹ وینچر کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جو ٹرانس گروپ اور آئی ٹی ڈبلیو یونیورس کا مشترکہ منصوبہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق لانچ کے بعد اگلے مرحلے میں فرنچائزز کی شناخت کو حتمی شکل دینا، کمرشل پارٹنرز کی تصدیق کرنا اور کھلاڑیوں کے ڈرافٹ یا نیلامی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں اس کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر شپگیزا کرکٹ لیگ بھی باقاعدگی سے منعقد ہوتی ہے، جو ہر سال جولائی اور اگست کے دوران پانچ ڈومیسٹک ٹیموں کے درمیان کھیلی جاتی ہے۔
یہ لیگ افغان کرکٹ کے ڈھانچے کا مستقل حصہ ہے اور نئے ٹیلنٹ کے لیے اہم پلیٹ فارم سمجھی جاتی ہے۔


















