Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی سی سی کا یو ایس اے کرکٹ ٹیم اور ہائی پرفارمنس پروگرام کے لیے مکمل تعاون کا اعلان

آئی سی سی نے تصدیق کی کہ وہ یو ایس اے کرکٹ کے ہائی پرفارمنس پروگرام کے تمام اخراجات اٹھانے کے لیے تیار ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ یو ایس اے نیشنل کرکٹ ٹیم اور ہائی پرفارمنس پروگرام کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ مالی اور انتظامی بحران کے باوجود کھلاڑیوں کی تیاری متاثر نہ ہو۔

آئی سی سی نے واضح کیا کہ یو ایس اے کرکٹ کی جانب سے جاری چیپٹر 11 دیوالیہ کارروائی کے باوجود نوجوان اور قومی کھلاڑی عالمی ایونٹس کی تیاری جاری رکھ سکیں گے۔

آئی سی سی نے تصدیق کی کہ وہ یو ایس اے کرکٹ کے ہائی پرفارمنس پروگرام کے تمام اخراجات اٹھانے کے لیے تیار ہے اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تنخواہیں براہِ راست ادا کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

اس اقدام سے یو ایس اے کرکٹ کی معطلی کے دوران بھی کھلاڑیوں کی تیاری اور عالمی ایونٹس میں شرکت متاثر نہیں ہوگی۔

مزید برآں آئی سی سی نے انڈر 19 ورلڈ کپ 2026، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 اور ایل اے 2028 اولمپکس کی تیاری کے لیے بھی مکمل عزم کا اظہار کیا ہے۔

مرد و خواتین قومی ٹیموں کے لیے مشترکہ تربیتی اور کوچنگ پروگرام بھی تیار کیا جارہا ہے تاکہ تمام کھلاڑی اعلیٰ معیار کی تیاری جاری رکھ سکیں۔

آئی سی سی کا یہ بھی اعلان ہے کہ یو ایس اے کرکٹ میں استحکام اور شفاف گورننس بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹس کی منظوری اب آئی سی سی براہِ راست دے گی۔

معطلی کے دوران یو ایس اے میں کرکٹ ایونٹس کی منظوری کے لیے درخواستیں براہِ راست آئی سی سی کو جمع کروائی جائیں گی۔

آئی سی سی اور یو ایس او پی سی کے درمیان ایل اے 2028 اولمپکس کی تیاری کے لیے بھی قریبی اشتراک جاری رہے گا تاکہ امریکی کرکٹ کے کھلاڑی عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھاسکیں۔