عالمی شہرت یافتہ فٹبال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی ساتھی جارجینا روڈریگز نے سعودی عرب میں دو انتہائی پرتعیش ولاز خرید لیے ہیں، جن کی قیمت سن کر آپ کے ہوش اڑ سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال کے اسٹار فٹبالر نے ریڈ سی انٹرنیشنل منصوبے کے تحت قائم نوجوما، رِٹز کارلٹن ریزرو میں دو ولاز میں سرمایہ کاری کی ہے۔
یہ رہائش گاہیں ریڈ سی ریزیڈنسز کا حصہ ہیں جو نجی جزیروں پر واقع ہیں اور زمین سے تقریباً 26 کلومیٹر دور واقع اس مقام تک صرف کشتی یا سمندری جہاز کے ذریعے ہی رسائی ممکن ہے۔
نوجوما ریزورٹ میں مجموعی طور پر 19 مکمل طور پر علیحدہ ولاز موجود ہیں، جنہیں رازداری، سکون اور فطرت سے قربت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
View this post on Instagram
رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور جارجینا نے ایک 3 بیڈ روم اور ایک 2 بیڈ روم ولا خریدا ہے، جس کے بعد وہ اس لگژری منصوبے کے ابتدائی مالکان میں شامل ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رونالڈو نے اس مقام کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پہلی ہی آمد پر انہیں اور جارجینا کو جزیرے کی قدرتی خوبصورتی اور ماحول نے بے حد متاثر کیا۔
رپورٹس کے مطابق ریڈ سی انٹرنیشنل میں ایک ولا کی کم از کم قیمت 15.5 ملین سعودی ریال (تقریباً ایک ارب 15 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ رونالڈو نے دونوں ولاز کے لیے مجموعی طور پر کتنی رقم ادا کی۔
View this post on Instagram
ریڈ سی انٹرنیشنل کے سی ای او جان پیگانو کے مطابق رونالڈو کی یہ سرمایہ کاری اس مقام کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشش کی عکاسی کرتی ہے، جہاں لگژری طرزِ زندگی، فطری حسن اور پائیدار ترقی کو یکجا کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ 2040 تک مثبت ماحولیاتی اثرات کے ہدف کے تحت مکمل طور پر قابلِ تجدید توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے جبکہ یہ مقام عالمی شخصیات اور نجی تعطیلات کے خواہشمند افراد کے لیے ایک منفرد انتخاب بنتا جا رہا ہے۔



















